ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے پہلی بار شیکھر پہاڑیا کے ساتھ اپنے تعلقات اور مستقبل میں شادی کے منصوبوں کے حوالے سے کھل کر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فی الحال ان کا شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
بھارتی شو ’کافی ود کرن‘ کے نویں سیزن میں شرکت کے دوران جھانوی کپور نے شیکھر پہاڑیا کے ساتھ اپنے تعلقات کی تصدیق کی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی نجی زندگی کو زیادہ نمایاں کرنا پسند نہیں کرتیں، تاہم وہ اپنے رشتے کو ہر وقت لوگوں سے چھپانے کی بھی قائل نہیں ہیں۔شادی سے متعلق سوال پر جھانوی کپور نے بتایا کہ وہ فی الحال شادی کے بارے میں نہیں سوچ رہیں اور کم از کم آئندہ دو سے تین سال تک شادی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں۔ ان کے اس بیان نے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی ہے، کیونکہ اداکارہ کی ذاتی زندگی اور شیکھر پہاڑیا کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے اکثر چہ مگوئیاں ہوتی رہی ہیں۔
گفتگو کے دوران جھانوی نے اپنی زندگی کے ایک مشکل دور کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 2018 میں والدہ سری دیوی کے انتقال کے بعد شیکھر پہاڑیا نے ان کا بھرپور ساتھ دیا تھا۔ اداکارہ کے مطابق شیکھر اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ رہنے کے لیے لندن میں اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ کر ممبئی واپس آگئے تھے۔جھانوی کپور کا کہنا تھا کہ وہ اور شیکھر پہاڑیا نوجوانی سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں اور ان کے درمیان تعلق باہمی اعتماد، سمجھ بوجھ اور تعاون پر قائم ہے۔ اداکارہ نے شیکھر کی جانب سے مشکل وقت میں ملنے والی حمایت کو بھی اہم قرار دیا۔