بالی وڈ اداکارہ جھانوی کپور کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ ایک فلمی پروموشنل تقریب کے دوران خوف اور گھبراہٹ کی حالت میں دیکھی جا سکتی ہیں۔
یہ واقعہ مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ فلم “پیڈی” کی تشہیری تقریب کے دوران پیش آیا، جہاں جھانوی کپور اور اداکار رام چرن اپنی آنے والی تیلگو فلم کی پروموشن میں مصروف تھے۔ اسی دوران ایک مداح جذبات میں حد سے بڑھ گیا اور سیکیورٹی حصار توڑ کر اچانک اسٹیج کے قریب پہنچ گیا، جس سے موقع پر کچھ دیر کے لیے افراتفری پھیل گئی۔رپورٹس کے مطابق یہ جنونی مداح مبینہ طور پر رام چرن سے مشابہت رکھنے والا شخص تھا، جس نے سیکیورٹی کو چکمہ دیتے ہوئے اسٹیج تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی۔ تاہم موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں اور ایک فائٹر نے فوری ردعمل دیتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کر لیا۔اس اچانک صورتحال کے دوران جھانوی کپور واضح طور پر خوفزدہ اور پریشان نظر آئیں، جبکہ اداکار رام چرن اور دیگر سیکیورٹی عملے نے ماحول کو معمول پر لانے کی کوشش کی۔
بعدازاں، رپورٹ کے مطابق اس مداح کو اداکار رام چرن سے ملاقات کا موقع بھی دیا گیا، جہاں وہ جذباتی انداز میں ان کے قدموں میں بھی گر گیا۔ تاہم اس پورے واقعے میں سب سے زیادہ توجہ جھانوی کپور کے خوفزدہ ردعمل نے حاصل کی، جو اس غیر متوقع صورتحال سے شدید متاثر دکھائی دیں۔واضح رہے کہ فلم “پیڈی” 4 جون کو ریلیز کی جا رہی ہے، جس کی ہدایت کاری بوچی بابو ثنا نے کی ہے۔ فلم میں رام چرن اور جھانوی کپور کے ساتھ دیگر معروف اداکار بھی شامل ہیں، جن میں شوا راجکمار، جگپتی بابو، دیویندو اور بومن ایرانی شامل ہیں۔