لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ایل ڈبلیو ایم اے (LWMA) کے رکشے کی ٹکر سے زخمی ہونے والا موٹر سائیکل سوار نوجوان ایک افسوسناک واقعے میں ٹانگ سے محروم ہو گیا۔
اہل خانہ کے مطابق متاثرہ نوجوان عبدالعزیز حادثے میں شدید زخمی ہوا تھا اور اس کی ٹانگ بری طرح ٹوٹ گئی تھی۔ فوری طور پر ریسکیو 1122 نے اسے جناح ہسپتال منتقل کیا، جہاں اس کا علاج شروع کیا گیا۔خاندان کا کہنا ہے کہ نوجوان کے علاج پر تقریباً 24 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، تاہم طبی پیچیدگیوں کے باعث ڈاکٹروں کو بالآخر اس کی ٹانگ کاٹنی پڑی۔اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ حادثے کے بعد ایل ڈبلیو ایم اے رکشے کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ واقعے کی فوٹیج بھی سامنے آ چکی ہے۔ متاثرہ خاندان کی جانب سے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ بھی درج کرا دیا گیا ہے۔دوسری جانب ستھرا پنجاب اتھارٹی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ رکشہ ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈرائیور گاڑی کو یارڈ میں چھوڑ کر موقع سے غائب ہو گیا تھا، اور اس کی تلاش جاری ہے۔