آئیں ایمبولینس کو راستہ دیں،خصوصی آگاہی مہم کا آغاز

 لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں میں ایمرجنسی گاڑیوں کو راستہ دینے کے شعور کو اجاگر کرنے کے لیے آئیں ایمبولینس کو راستہ دیں کیونکہ پہلا حق زندگی کا کے عنوان سے خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر جاری اس مہم کے تحت شہریوں کو ترغیب دی جا رہی ہے کہ وہ ایمبولینس اور دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کا سائرن سنتے ہی فوری طور پر راستہ دیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکیسی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ ٹریفک وارڈنز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ ایمبولینسوں اور دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے راستہ ہر صورت کلیئر رکھیں اور ان کی موومنٹ کو سگنل فری یقینی بنائیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ایمرجنسی گاڑیوں کو ترجیحی بنیادوں پر راستہ فراہم کریں۔سی ٹی او لاہورسید عبدالرحیم شیرازی نے ایمبولینس ڈرائیورز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر سائرن اور ہوٹر کے استعمال سے گریز کریں اور صرف ایمرجنسی صورتحال میں ہی ان کا استعمال کریں۔دوسری جانب سی ٹی او لاہور نے مختلف ہسپتالوں کے گردونواح کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) کے باہر رانگ پارکنگ کا خاتمہ کروایا گیا جبکہ سرکل افسران کو ہسپتالوں کے باہر ٹریفک انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی۔سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ ہسپتالوں کے ایمرجنسی گیٹس کے سامنے کسی قسم کی تجاوزات، ریڑھیاں یا غیر ضروری رکشہ اسٹینڈز قائم نہیں ہونے چاہئیں تاکہ ایمرجنسی گاڑیوں کی آمدورفت میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔