اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں شفافیت کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار
مارکیٹوں میں، صارفین کو قیمتوں سے متعلق واضح معلومات فراہم کی جائینگی
لاہور (کرائم رپورٹر) شہر لاہور کی تمام مارکیٹوں میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں شفافیت اور عوامی ریلیف کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پنجاب نے ایک جامع حکمتِ عملی تیار کر لی ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد عوامی استحصال کو روکنا اور سرکاری نرخوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔تفصیلات کے مطابق دکانداروں کو واضح اور نمایاں سرکاری ریٹ لسٹیں آویزاں کرنے کا پابند بنایا جائے گا تاکہ صارفین کو قیمتوں کے حوالے سے کسی قسم کے ابہام کا سامنا نہ ہو۔ مارکیٹوں میں نئی ڈیزائن شدہ پرائس لسٹیں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں روزمرہ استعمال کی اشیاء کے نرخ واضح اور نمایاں انداز میں درج ہوں گے۔منڈیوں کے داخلی راستوں پر الیکٹرک بورڈز نصب کیے جا رہے ہیں، جن پر روزانہ کی بنیاد پر اشیائے ضروریہ کے سرکاری نرخ درج کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ عوامی آگاہی مہم کے تحت نرخوں کی اپڈیٹ لسٹیں مختلف مقامات پر آویزاں کی جائیں گی تاکہ صارفین کو خریداری میں سہولت میسر ہو۔حکومتی ذرائع کے مطابق سرکاری نرخوں سے انحراف کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی جانچ پڑتال کرے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوامی ریلیف اور منافع خوروں کی بیخ کنی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔