پولیس ان ایکشن،8 گینگ پکڑلئے، 230 ملزم گرفتار

اسلحہ، منشیات اور لوٹا گیا سامان بر آمد، اشتہاری بھی دھر لیے گئے ، 12 لاکھ 80 ہزار روپے مالیت کا سامان بر آمد
لاہور (کرائم رپورٹر) چھٹی کے روز لاہور پولیس آپریشنز ونگ نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 8 گینگز کے خلاف کامیاب کارروائیاں کیں جبکہ مجموعی طور پر مختلف جرائم میں ملوث 230 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ شہریوں کی جمع پونجی لوٹنے والے 8 گینگز کے 17 ارکان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 12 لاکھ 80 ہزار روپے مالیت کا لوٹا گیا سامان بر آمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ اور اسلحہ کی نمائش کے خلاف کارروائیوں میں 21 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 20 پسٹل، ایک بندوق اور درجنوں گولیاں بر آمد ہوئیں۔منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 35 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ ملزمان سے 3 کلو 180 گرام چرس، 2 کلو 760 گرام آئس اور 132 لیٹر شراب بر آمد کی گئی۔ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 14 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 16 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ جواریوں کے خلاف کارروائیوں میں 10 ملزمان کو حراست میں لیا گیا اور ان کے قبضے سے دا ئو پر لگی 54 ہزار روپے سے زائد رقم بر آمد کی گئی۔فیصل کامران نے بتایا کہ ہراسمنٹ میں ملوث 17 ملزمان کو بھی گرفتار کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ 111 اشتہاری مجرمان اور مفروران کو بھی حراست میں لیا گیا۔دیگر جرائم میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتاری کے بعد مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔