ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی اور ایک دوسرے پر حملے روکنے کے اعلان کے بعد عالمی تیل مارکیٹ کو وقتی ریلیف ملا ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت کم ہوکر 93 ڈالر فی بیرل کے قریب آگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 91 ڈالر فی بیرل سے نیچے ٹریڈ کرتا رہا۔ماہرین کے مطابق جنگ بندی کے اعلان سے عالمی منڈیوں میں پائے جانے والے خدشات میں وقتی کمی آئی ہے، تاہم سرمایہ کار اب بھی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں دوبارہ فوجی کشیدگی بڑھی تو تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ ہوسکتا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق مشرقِ وسطیٰ عالمی تیل سپلائی کا اہم مرکز ہے، اس لیے خطے میں پائیدار امن کے بغیر توانائی کی عالمی منڈی مکمل طور پر مستحکم نہیں ہوسکتی۔
کسی بھی نئی کشیدگی کے اثرات براہِ راست عالمی معیشت اور ایندھن کی قیمتوں پر پڑتے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا۔ برینٹ کروڈ آئل 3.4 فیصد اضافے کے بعد 96.50 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا تھا، جبکہ امریکی خام تیل (WTI) 3 فیصد بڑھ کر 93.75 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔