وفاقی آئینی عدالت کی نئی گج ڈیم تعمیراتی منصوبے میں تاخیر کیس میں ایڈیشنل اٹارنی جنر ل کو دلائل دینے کی ہدایت ‘ سماعت 11 جون تک ملتوی
اسلام آ باد(آئی این پی )وفاقی آئینی عدالت نے نئی گج ڈیم تعمیراتی منصوبے میں تاخیر سے متعلق کیس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کردی ، واپڈا کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ گج ڈیم کا ابتدائی بجٹ 26 ارب روپے تھا، جبکہ کنٹریکٹر 36 ارب اضافی لے چکا ہے۔وفاقی آئینی عدالت میں نئی گج ڈیم تعمیراتی منصوبے میں تاخیر سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی، جہاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11 جون تک ملتوی کرتے ہوئے ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کی۔سماعت کے دوران وکیل واپڈا اور کنٹریکٹر نے اپنے اپنے دلائل مکمل کیے۔وکیل واپڈا نے عدالت کو بتایا کہ گج ڈیم کا ابتدائی بجٹ 26 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا، تاہم کنٹریکٹر 26 ارب روپے کے علاوہ مزید 36 ارب روپے وصول کر چکا ہے۔ ان کا مقف تھا کہ اضافی ادائیگیوں کے باوجود منصوبے کا 50 فیصد کام بھی مکمل نہیں ہو سکا۔وکیل واپڈا نے مزید کہا کہ سندھ ہائی کورٹ نے بھی کنٹریکٹر کو منصوبے کی تکمیل کے لیے ایک ٹائم فریم دیا تھا، لیکن اس کے باوجود منصوبہ مکمل نہیں کیا گیا۔