پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی جو مبارکباد کی مستحق ہے، پرامن، شفاف الیکشن اور سیاسی سرگرمیاں جمہوریت کا حسن ہیں:وزیراعظم

 آصف زرداری‘شہبازشریف‘بلاول بھٹو کی ملاقات پیپلزپارٹی کی متعدد تجاویز تسلیم  بجٹ کیلئے  حکومت سے تعاون کا گرین سگنل دے دیا
سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت پرگلگت کے عوام بھی تحسین کے لائق ہیں،مسلم لیگ  ن کی ٹیم نے بھرپور محنت کی، ان کو شاباش دیتا ہوں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پر امن الیکشن کے انعقاد میں بھرپور کردار ادا کیا 
مشرقِ وسطیٰ میں  تشدد میں اضافہ  تشویشناک ہے‘ بحران کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات اور سفارت کاری میں مضمر ہے، امن معاہدے کے حصول کا مقصد قریب ہے، ایسے وقت میں تحمل اور بردباری ناگزیر ہے:وزیراعظم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں) صدر اور وزیر اعظم کی ملاقا ت کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔حکومتی ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے بجٹ کے معاملے پر حکومت سے تعاون کا گرین سگنل دے دیا، شہباز شریف بلاول بھٹو زرداری سے گرمجوش انداز میں بغل گیر ہوئے۔ذرائع کا کہنا تھا  وزیراعظم نے بلاول بھٹو زرداری کی بہترین انتخابی مہم کو سراہا اور گلگت بلتستان الیکشن میں کامیابی پر اْنہیں مبارک باد دی۔اْنہوں نے دورانِ  گفتگو صدر مملکت سے کہا  بلاول بھٹو زرداری نوجوان ہیں، نوجوانوں کو بہترین انداز میں پیغام پہنچایا، آخر برخوردار کس کا ہے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے بجٹ کے حوالے سے پیپلزپارٹی کی متعدد تجاویز تسلیم کر لیں جبکہ پیپلزپارٹی نے تعاون پر آمادگی ظاہر کر دیا اور بجٹ پیش کرنے کیلئے تاریخ پر مشاورت جاری ہے۔دریں اثناء  شہباز شریف  نے گلگت بلتستان کے  انتخابات میں  پاکستان پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل کرنے پرمبارکباد پیش کی ہے۔وزیراعظم نے پرامن الیکشن کے انعقاد پر گلگت بلتستان کے عوام کو بھی مبارکباد پیش کی ہے۔جاری بیان کے مطابق  وزیر اعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں اکثریتی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، پیپلزپارٹی مبارکباد کی مستحق ہے، صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس کے علاوہ  مسلم لیگ ن  کے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اچھا مقابلہ کیا،مسلم لیگ  ن کی ٹیم نے بھرپور محنت کی، ان کو شاباش دیتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت پرگلگت کے عوام بھی تحسین کے لائق ہیں، پرامن، شفاف الیکشن اور سیاسی سرگرمیاں جمہوریت کا حسن ہیں، الیکشن کمیشن نے شفاف اور غیر جانبدار الیکشن یقینی بنایا جو قابل ستائش ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پر امن الیکشن کے انعقاد میں بھرپور کردار ادا کیا‘علاوہ ازیںشہباز شریف نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ تشدد میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے اورعالمی برادری اور تنازع کے تمام فریقین سے کشیدگی کم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن کا راستہ اختیار کیا جائے، تشدد اور محاذ آرائی کسی کے مفاد میں نہیں‘مشرقِ وسطیٰ کے بحران کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات اور سفارت کاری میں مضمر ہے‘امن معاہدے کے حصول کا مقصد قریب ہے، ایسے وقت میں تحمل اور بردباری ناگزیر ہے، وزیراعظم۔ایک بیان میں وزیراعظم شہبا زشریف نے اپیل کی ہے کہ تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں اور امن کو ایک اور موقع دیں‘موجودہ حالات میں طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات کو ترجیح دی جائے۔انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ تشدد میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے،خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی غیر مستحکم جنگ بندی کے خطرات کو اجاگر کر رہی ہے، تشدد کے نتیجے میں سنگین اور ناقابلِ برداشت انسانی نتائج سامنے آ سکتے ہیں