اٹک: تحصیل پنڈی گھیب کے علاقے نکہ توت روڈ پر ایک دکان میں قائم غیر قانونی پٹرول ایجنسی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی اور ساتھ موجود مزید دو دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق آگ لگنے سے مجموعی طور پر تین دکانیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئیں۔ غیر قانونی طور پر قائم پٹرول ایجنسی میں حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث آگ تیزی سے پھیلی، جس سے دکانوں میں موجود سامان بھی جل گیا اور بھاری مالی نقصان ہوا۔مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، جس کے باعث شعلوں کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا۔خوش قسمتی سے حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔واقعے کے بعد شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ایسے مقامات پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں بڑے حادثات سے بچا جا سکے۔