امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر گفتگو کے دوران ایک غیر متوقع زبانی لغزش کا شکار ہوگئے اور ایران کا ذکر کرتے ہوئے غلطی سے اسے "اسلامک ریپبلک آف جاپان" قرار دے دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ نیٹو کے سربراہی اجلاس کے موقع پر پیش آیا، جہاں ٹرمپ ایران کے خلاف حالیہ امریکی فوجی کارروائیوں اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر اظہار خیال کر رہے تھے۔اپنی تقریر کے دوران امریکی صدر نے USS Abraham Lincoln پر مبینہ ایرانی میزائل حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "اسلامی جمہوریہ جاپان نے یو ایس ایس ابراہم لنکن پر 111 میزائل داغے۔" تاہم وہ فوری طور پر اپنی اس غلطی کو محسوس نہ کر سکے اور اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تمام میزائلوں کو کامیابی سے ناکارہ بنا دیا گیا۔
ٹرمپ کی یہ زبانی لغزش چند ہی لمحوں میں سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی۔ تقریر کے ویڈیو کلپس مختلف پلیٹ فارمز پر تیزی سے گردش کرنے لگے، جہاں صارفین نے ایران اور جاپان کے ناموں کے اس اختلاط پر حیرت اور مزاحیہ تبصرے کیے۔سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مختلف میمز اور طنزیہ تبصرے پوسٹ کیے، جبکہ بعض مبصرین نے اسے امریکی صدر کی ایک اور نمایاں زبانی غلطی قرار دیا۔ ٹرمپ یا وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس واقعے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔