ٹرمپ کی دھمکی پر ایران کا دوٹوک جواب: آؤ، ہم تمہارا انتظار کر رہے ہیں

ٹرمپ کی دھمکی پر ایران کا دوٹوک جواب: آؤ، ہم تمہارا انتظار کر رہے ہیں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے اہم تیل برآمدی مرکز خارگ جزیرے پر ممکنہ حملے کی دھمکی کے بعد ایران نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہر قسم کی فوجی کارروائی کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کے جواب میں ایران نے بحرین اور کویت میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ تہران نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی نئی کشیدگی یا ممکنہ تصادم کے لیے پوری طرح تیار ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے امریکی دھمکی مسترد کرتے ہوئے کہا، "آؤ، ہم تمہارا انتظار کر رہے ہیں۔ خارگ جزیرے کے خلاف کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔"

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ جارحانہ بیانات اور دھمکیاں ایرانی قوم کے عزم، وقار اور مزاحمت کو کمزور نہیں کر سکتیں۔واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ دنوں میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملوں کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کارروائیاں ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کے جواب میں کی گئیں، جبکہ ایران ان الزامات کو مسترد کرتا رہا ہے۔