نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے مئی 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (FCA) کی مد میں بجلی 33.64 پیسے (تقریباً 33 پیسے) فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین پر ہوگا، جبکہ اضافی رقم جولائی 2026 کے بجلی کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد بجلی کی پیداوار پر آنے والی اصل ایندھن لاگت اور ریفرنس لاگت کے درمیان فرق کو پورا کرنا ہے۔ اس فیصلے کے بعد ملک بھر کے لاکھوں گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین کو جولائی کے بلوں میں اضافی ادائیگی کرنا ہوگی۔یاد رہے کہ اس سے قبل سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے-جی) نے نیپرا کو مئی 2026 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت 81.73 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مئی کے دوران بجلی کی پیداوار پر فی یونٹ ایندھن کی اصل لاگت 9.2488 روپے رہی، جبکہ ریفرنس فیول لاگت 8.4315 روپے فی یونٹ مقرر تھی۔ تاہم نیپرا نے درخواست کا جائزہ لینے کے بعد صرف 33.64 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی۔نیپرا کے فیصلے کے مطابق یہ اضافہ تمام متعلقہ صارفین پر لاگو ہوگا، تاہم بعض محفوظ یا مستثنیٰ صارفین پر اطلاق متعلقہ قوانین اور حکومتی پالیسی کے مطابق ہوگا۔ اضافی چارجز بجلی کے جولائی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں شامل کیے جائیں گے۔