دنیا بھر میں فیشن کے شعبے میں انقلاب برپا کرنے والے معروف اطالوی فیشن ڈیزائنر ویلنٹینو گاراوانی 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ان کے انتقال کی تصدیق ویلنٹینو فاؤنڈیشن کی جانب سے کی گئی ہے۔فاؤنڈیشن کے مطابق ویلنٹینو گاراوانی اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے، تاہم ان کی وفات کی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آ سکی۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ مرحوم کی آخری رسومات بدھ اور جمعرات کو ادا کی جائیں گی۔ویلنٹینو گاراوانی کے انتقال پر عالمی فیشن انڈسٹری، معروف شخصیات اور مداحوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ فیشن حلقوں کا کہنا ہے کہ ویلنٹینو کا جانا فیشن کی دنیا کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، کیونکہ وہ اس دور کے ڈیزائنرز میں شامل تھے جب فیشن کو محض کاروبار نہیں بلکہ ایک مکمل فن سمجھا جاتا تھا۔ویلنٹینو گاراوانی کو فیشن کی دنیا میں ان کے مشہور رنگ "ویلنٹینو ریڈ" کی بدولت خاص پہچان حاصل تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس رنگ کا تصور انہیں بارسلونا کے اوپیرا ہاؤس میں ایک معمر خاتون کو دیکھ کر آیا، جن کی سادگی، وقار اور شخصیت نے نوجوان ویلنٹینو کو گہرے طور پر متاثر کیا۔
یہ رنگ پہلی بار 1959 میں ایک اسٹریپ لیس کاک ٹیل ڈریس کے ذریعے متعارف کرایا گیا، جس کے بعد یہی رنگ ویلنٹینو برانڈ کی شناخت بن گیا۔ ویلنٹینو اپنی ہر کلیکشن میں کم از کم ایک سرخ لباس ضرور شامل کرتے تھے۔ انہوں نے اپنی 2022 میں شائع ہونے والی کتاب "Rosso (Red)" میں لکھا تھا:“میرے خیال میں سرخ لباس میں ملبوس عورت ہمیشہ شاندار لگتی ہے، وہ ایک ہیروئن کی مکمل تصویر ہوتی ہے۔”ویلنٹینو کا شمار اٹلی کے عظیم ترین فیشن ڈیزائنرز میں ہوتا ہے۔ وہ جورجیو آرمانی اور کارل لیگر فیلڈ کے ہم عصر تھے اور اس نسل کے آخری نمایاں ڈیزائنرز میں شمار کیے جاتے تھے جنہوں نے فیشن کو عالمی سطح پر ایک اعلیٰ فن کی حیثیت دی۔
انہوں نے فیشن کی دنیا میں تاریخ رقم کرتے ہوئے پیرس کے خصوصی ہاؤٹ کاؤچر ریمپس پر جگہ بنانے والے پہلے اطالوی ڈیزائنر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ ویلنٹینو نے ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ الزبتھ ٹیلر کے لیے شادی کا لباس تیار کیا اور شیرون اسٹون، پینیلوپ کروز سمیت متعدد آسکر ایوارڈ یافتہ اداکاراؤں کی اولین پسند رہے۔ اس کے علاوہ جیکی کینیڈی سمیت دنیا کی کئی بااثر اور باوقار خواتین کے لیے بھی انہوں نے ملبوسات ڈیزائن کیے۔
ویلنٹینو گاراوانی نے اپنے نام سے ایک عالمی فیشن ایمپائر قائم کیا، جسے انہوں نے 2008 میں ریٹائرمنٹ سے قبل فروخت کر دیا تھا، تاہم فیشن کی دنیا پر ان کے اثرات آج بھی نمایاں ہیں اور ان کا نام ہمیشہ فیشن کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔