پروگرام کی نئی کیٹیگری تین روز کے اندر عوام کے لئے متعارف کرائی جائے، گھر بنانے کیلئے آسان قرض کے طریقہ کار کو بھی مزید سہل بنایا جائے،وزیر اعلی پنجاب
لاہور( سپیشل رپورٹر )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اپنی چھت اپنا گھر اور منسلک تمام پروگرامز پنجاب حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے، کوتائی برداشت نہیں کرونگی۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت اپنی چھت اپنا گھر اور اپنی زمین اپنا گھر کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں کاہنہ جیسے سانحات کی روک تھام کیلئے اپنا گھر، محفوظ گھر پروگرام شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کی نئی کیٹیگری تین روز کے اندر عوام کے لئے متعارف کرائی جائے، جبکہ گھر بنانے کے لیے آسان قرض کے طریقہ کار کو بھی مزید سہل بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اپنا گھر، محفوظ گھر کے تحت کمزور چھتوں والے خستہ حال اور مکدوش گھروں کو محفوظ بنا کر رینویشن کے لئے 5 لاکھ دیے جائیں گے، جبکہ اپنا گھر محفوظ گھر کے تحت نئی بلڈنگ سٹوری یا اضافی فلور بنانے کے لئے سود فری آسان اقساط پر 10 لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔خصوصی دستاویزی ڈاکومنٹری میں باکو میں پنجاب پاکستان پویلین کی شاندار کامیابی کی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت 1 لاکھ 80 ہزار سے زائد بے گھر خاندانوں کو سود فری آسان اقساط قرض منظور کیے جاچکے ہیں، جبکہ 1 لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو قرض فراہم کر دیا گیا ہے، اس منصوبے کے لئے 217.8 ارب روپے جاری کر دئیے گئے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں اس منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں 1 لاکھ 34 ہزار 343 گھر مکمل کیے جاچکے ہیں، جبکہ اپنی چھت اپنا گھر کے تحت ساڑھے 27 ہزار گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، تاہم پنجاب کے 12 لاکھ 78 ہزار سے زائد بے گھر خاندانوں کی اپنی چھت اپنا گھر پروگرام سے گھر سکیم کے لئے درخواستیں موصول ہو گئی۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ "اپنا گھر، محفوظ گھر" کے تحت خستہ حال اور کمزور چھتوں والے مکانات کی مرمت اور محفوظ بنانے کے لئے 5 لاکھ روپے تک فراہم کیے جائیں گے، جبکہ گھر میں اضافی منزل یا نئی فلور کی تعمیر کیلئے 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرض آسان اقساط پر دیا جائے گا