میرپورخاص میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) سے غیر قانونی طور پر فائدہ اٹھانے والے سرکاری ملازمین کی فہرست منظرعام پر آ گئی ہے، جس میں محکمۂ تعلیم کے گریڈ 1 سے 18 کے ملازمین اور افسران کی بیگمات شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم میرپورخاص کے 72 ملازمین کی بیگمات نے اس فلاحی اسکیم سے مستحقین کا حق چھینتے ہوئے 2 ہزار روپے سے لے کر 1 لاکھ 90 ہزار روپے تک کی رقم وصول کی۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر کے مطابق تمام ملازمین سے رقوم ان کی تنخواہوں سے منہا کی جائیں گی اور مکمل رقم جلد از جلد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو واپس کر دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے تحت نہ صرف رقوم کی واپسی بلکہ ذمہ داروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا امکان بھی ہے۔واضح رہے کہ بی آئی ایس پی کا مقصد ملک کے معاشی طور پر کمزور طبقے کو سہارا دینا ہے، تاہم بااثر افراد کی جانب سے اس اسکیم کا غلط استعمال مستقل ایک بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔