پولیس فورس کی ویلفیئر پر 1 ارب 25 کروڑ 91 لاکھ خرچ

ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 35 کروڑ 40 لاکھ 45 ہزار روپے دئیے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکے اپنی فورس اور ان کے اہلخانہ کی ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں رواں سال کے دوران پولیس فورس کی ویلفیئر پر 1 ارب 25 کروڑ 91 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی سکالرشپس کی مد میں 39 کروڑ 48 لاکھ 88 ہزار روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔پولیس ملازمین کی بیٹیوں کو ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 35 کروڑ 40 لاکھ 45 ہزار روپے دئیے گئے۔ علاج معالجے کی سہولیات میں معاونت کے لئے 18 کروڑ 74 لاکھ 22 ہزار روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔گذارا الا ئونس کی مد میں پولیس ملازمین کی فیملیز کو 14کروڑ 5 لاکھ روپے سے زائد فنڈز دئیے گئے۔پولیس ملازمین کو ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں 14 کروڑ 43 لاکھ 97 ہزار روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔