بارشوں میں خطرات بڑھنے لگے، اسکولوں کے لیے ہنگامی الرٹ جاری — چھتوں سے پانی نکاسی اور لٹکتی تاروں کے فوری خاتمے کا حکم

بارشوں میں خطرات بڑھنے لگے، اسکولوں کے لیے ہنگامی الرٹ جاری — چھتوں سے پانی نکاسی اور لٹکتی تاروں کے فوری خاتمے کا حکم

صوبائی محکمہ تعلیم نے موسم برسات کے دوران سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کو محفوظ رکھنے اور طلبا و اساتذہ کی جانوں کے تحفظ کے لیے ہنگامی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

 اسکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ چھتوں سے بارشی پانی کے فوری نکاس کا بندوبست کریں اور کرنٹ کے خدشے کے پیش نظر لٹکتی بجلی کی تاریں فی الفور ہٹائیں۔

ایجوکیشن اتھارٹی کا نوٹس
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ:اسکولوں کی عمارتوں کی چھتوں پر پانی جمع ہونے سے ڈینگی پھیلنے کا خدشہ ہے۔پانی جمع ہونے کے باعث چھتیں ٹپکنا شروع ہو جاتی ہیں، جس سے کلاس رومز کو نقصان پہنچتا ہے۔اسکولوں میں بارش کے باعث خراب ہونے والے رنگ و روغن کو فوری طور پر دوبارہ کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
روزانہ حاضری لازم، خلاف ورزی پر کارروائی
ایجوکیشن اتھارٹی نے موسم برسات میں تمام اسکول سربراہان کو روزانہ حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ مراسلے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ:"اگر کوئی اسکول ہیڈ بارش کے دنوں میں اسکول میں غیر حاضر پایا گیا تو اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔"
طلبا کی سلامتی اولین ترجیح
ذرائع کے مطابق اسکولوں میں بجلی کی لٹکتی تاریں بچوں کے لیے خطرہ بن چکی ہیں، اس لیے انہیں فوراً درست کیا جائے۔ اسکولوں کے سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بلڈنگ کی چھتوں، برآمدوں اور کلاس رومز کی مکمل صفائی یقینی بنائیں اور بارش کے پانی کے نکاس کا متبادل بندوبست پہلے سے کر لیں۔