کیرالا : بھارتی ریاست کیرالا میں ایک تجربہ کار خاتون پولیس افسر کی جانب سے 16 فٹ لمبے کنگ کوبرا کو قابو کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جس پر صارفین نے نہ صرف ان کی جرات کو سراہا بلکہ انہیں اعزاز سے نوازنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کیرالا کے ایک پہاڑی علاقے میں واقع قدرتی چشمے میں ایک بڑا سانپ نظر آنے کے بعد مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگوں نے چشمے کے شفاف پانی میں ایک لمبا اور خطرناک کوبرا تیرتے دیکھا، جس پر فوری طور پر محکمہ جنگلات کو اطلاع دی گئی۔محکمے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تجربہ کار خاتون افسر ڈاکٹر جی ایس روشنی کو موقع پر روانہ کیا۔ ڈاکٹر روشنی نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر محض ایک چھڑی کے ذریعے انتہائی مہارت اور دلیری کے ساتھ سانپ کو قابو کر لیا۔ یہ منظر مقامی افراد نے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح ڈاکٹر روشنی پرسکون انداز میں چشمے میں موجود 16 فٹ طویل کوبرا کو قابو میں لاتی ہیں، جبکہ آس پاس موجود افراد ان کی بہادری پر داد دیتے ہوئے تالیاں بجاتے ہیں۔
محکمہ جنگلات کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر روشنی گزشتہ آٹھ برسوں میں 800 سے زائد سانپوں کو محفوظ طریقے سے قابو میں لا چکی ہیں، تاہم یہ پہلا موقع تھا جب انہوں نے ایک نایاب اور خطرناک کنگ کوبرا سے براہ راست مقابلہ کیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ان کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت نے نہ صرف محکمہ جنگلات بلکہ پورے علاقے میں فخر کا باعث بنی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے بھی ڈاکٹر روشنی کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ "اصل ہیرو" ہیں، اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں خصوصی انعام یا ایوارڈ سے نوازا جائے۔