امریکی امیگریشن افسر کی فائرنگ سے 37 سالہ خاتون ہلاک، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

امریکی امیگریشن افسر کی فائرنگ سے 37 سالہ خاتون ہلاک، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

منیاپولس، منیسوٹا: امریکی ریاست منیسوٹا کے شہر منیاپولس میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جب امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے اہلکار کی فائرنگ سے 37 سالہ خاتون رینی نِکول میکلن گُڈ ہلاک ہو گئیں۔

 واقعہ بدھ کے روز امیگریشن کارروائی کے دوران پیش آیا، جب اہلکاروں نے ایک گاڑی کو روکا۔ خاتون کی موت کی ویڈیوز عینی شاہدین نے بنائی اور سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک اہلکار گاڑی کے قریب جاتا ہے اور اسی دوران دوسری فائرنگ ہوتی ہے۔متوفیہ ایک بچے کی ماں تھیں اور سوشل میڈیا پر شاعرہ اور مصنفہ کے طور پر مشہور تھیں۔ واقعے کے وقت ان کے قریبی رشتہ دار بھی موجود تھے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا اور سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ شام کو مظاہرین نے شمعیں روشن کر کے دعائیہ اجتماع کیا اور امیگریشن کارروائیوں کے خلاف احتجاج کیا۔

منیاپولس کے میئر جیکب فرے نے اس کارروائی کو غیر ضروری اور لاپرواہی قرار دیتے ہوئے ICE اہلکاروں کو شہر چھوڑنے کی ہدایت کی۔ جبکہ منیسوٹا کے گورنر ٹم والٹز نے نیشنل گارڈ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعے کی ذمہ داری مظاہرین پر ڈال دی ہے، جنہوں نے کارروائیوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکہ میں امیگریشن سے متعلق حساسیت اور شہریوں کے خلاف وفاقی کارروائیوں کے خلاف تناؤ بڑھ رہا ہے۔