وائرلیس کمیونیکیشن سسٹم موجود،سکیورٹی پروٹوکول کے باعث تنصیب کی اجازت نہیں ملی، محکمہ آبپاشی کا صوبائی انسپیکشن ٹیم کے خط کا جواب
پشاور(آئی این پی ) سوات میں کئی سال پہلے خریدا گیا ارلی وارننگ سسٹم تاحال نصب نہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق سیکرٹری صوبائی انسپیکشن ٹیم نے سیکرٹری محکمہ آبپاشی کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ محکمہ آبپاشی نے 2010میں ارلی وارننگ سسٹم خریدا تھا جو تاحال نصب نہیں کیا گیا، انسپیکشن ٹیم کو سسٹم کی موجودہ حالت اور نصب نہ کرنیکی وجوہات سے آگاہ کیا جائے ۔ پلاننگ و مانیٹرنگ سیل محکمہ آبپاشی نے صوبائی انسپیکشن ٹیم کو جوابی خط میں کہا کہ وائرلیس کمیونیکیشن سسٹم 2013میں دوردراز علاقوں میں موثرمواصلات اور ہنگامی رابطے کیلئے خریدا گیا تھا تاہم تکنیکی اور سکیورٹی تحفظات کے باعث سسٹم نصب نہیں کیا جاسکا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا گیا تھا لیکن سکیورٹی پروٹوکول کے باعث تنصیب کی اجازت نہیں ملی جب کہ وائرلیس کمیونیکیشن سسٹم کا سامان تاحال ایری گیشن ڈویژن سوات میں محفوظ ہے۔ پلاننگ و مانیٹرنگ سیل محکمہ آبپاشی کے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سمارٹ فونز کے باعث وائرلیس مواصلاتی نظام کی ضرورت کم ہوچکی ہے۔