حوالہ ہنڈی مافیا کیخلاف کریک ڈائون ‘بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا جائے محسن نقوی

 کسی کا دبائو  قبول کئے بغیر مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے ، ایجنٹوں اور  ڈی پورٹ ہوکر آنے والے بھکاریوں کی گرفتاری یقینی بنائی جائے
 5 ہزار سے زائد ڈالر بیرون ملک لے کر جانے والوں کیخلاف سخت ایکشن  لیا جائے‘جعلی ادویات کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں:وزیر داخلہ
کراچی (آئی این پی )وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے  حوالہ ہنڈی مافیا کے خلاف کریک ڈائو ن کا حکم دے دیا‘انہوں نے کہا  اس میں ملوث بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کراچی زون کے دورے کے موقع پر اہم اجلاس کی صدارت  کی ۔اس موقع پر انہوں  نے  حوالہ ہنڈی مافیا کیخلاف  موثر کریک ڈائو ن کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ حوالہ ہنڈی میں ملوث بڑے بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا جائے۔انہوں نے کہا کہ کسی کا دبائو  قبول کیے بغیر مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ وزیر داخلہ نے بھکاریوں کو بیرون ملک بھجوانے والے ایجنٹ مافیا کی  سرکوبی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بھکاری مافیا پاکستان کے امیج کو خراب کر رہا ہے۔ ایجنٹس کے خلاف بلاامتیاز ایکشن نظر آنا چاہیے۔ مفرور ایجنٹس کو دیگر صوبوں کے تعاون سے گرفتار کیا جائے ۔محسن نقوی نے کہا کہ  بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہوکر آنے والے بھکاریوں کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔ جعلی ادویات کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں۔  جعلی ادویات کے مکروہ دھندے ملوث لوگوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔  جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث لوگوں کی اصل جگہ جیل ہے،انہوں نے نان کسٹم مصنوعات کے خلاف بھرپور کارروائی کا حکم  دیا اور ہدایت کی  5 ہزار سے زائد ڈالر بیرون ملک لے کر جانے والے مسافروں کے خلاف سخت ایکشن  لیا جائے