جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈائون آپ کا کام ہے ‘ نتائج نظر آنے چاہئیں: ایف آئی اے زونل آفس لاہور کے دورے کے موقع پر ہدایت
وفاقی وزیر داخلہ کا گوجرانوالہ میں میگا نادرا سنٹر کا دورہ ، شہریوں کی شکایات پر وزیرداخلہ برہم ،تمام عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم
لاہور(سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی مافیا کی پوری چین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔وفاقی وزیر داخلہ نے ایف آئی اے زونل آفس لاہور کا دورہ کیا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں وزیر داخلہ نے ایف آئی اے زونل آفس لاہور کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا اور منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے اسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے پر بھی زور دیا۔ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈائون آپ کا کام ہے اور اس ضمن میں نتائج نظر آنے چاہئیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے کے افسران اور عملے کو ہر ممکن سہولتیں اور وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں اور مزید بھی فراہم کیے جائیں گے۔اجلاس میں ملک بھر کے ایئرپورٹس پر امیگریشن کانٹرز پر موجود پرانے کیمروں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل کیمرے نصب کرنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔۔محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں 24 گھنٹے فعال میگا نادرا سنٹر کا بھی دورہ کیا اور نادرا میگا سنٹر میں پاسپورٹ آفس کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا، انہوں نے بعض شہریوں کی شکایات کا موقع پر ہی نوٹس لیتے ہوئے فوری ازالے کے لیے احکامات جاری کیے۔وفاقی وزیر داخلہ نے گوجرانوالہ کے ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ بھی کیا، جہاں دفتر مقررہ وقت سے قبل بند پایا گیا، عملے نے شہریوں کا داخلہ بھی بند کر رکھا تھا، جبکہ سہ پہر چار بجے ہی دفتر میں صفائی کا عمل شروع کر دیا گیا تھا اور وہاں چھٹی کا سماں تھا۔محسن نقوی نے ریجنل پاسپورٹ آفس گوجرانوالہ کی صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔