وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں دو نئی ٹیموں کی بڈنگ جیتنے والی فرمز کے نمائندگان نے ملاقات کی۔
اس موقع پر ٹیم سیالکوٹ حاصل کرنے والی فرم ’او-زیڈ ڈیویلپر‘ کے حمزہ مجید اور ٹیم حیدرآباد حاصل کرنے والی فرم ’ایف کے ایس‘ کے فواد سرور شریک تھے۔وزیر اعظم نے دونوں ٹیموں کے نمائندگان کو کامیاب بڈنگ پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سید محسن رضا نقوی اور پی سی بی کی مینجمنٹ کو بڈنگ کے شفاف عمل پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بولی کا عمل ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کیا گیا، جو اس کی شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے گراس روٹ کی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کے ابھرنے میں مدد ملے گی۔ یہ ٹیمیں پی ایس ایل کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوں گی۔ وزیر اعظم نے بین الاقوامی فرموں کی دلچسپی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس عمل سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ ملا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانی ہمیشہ سے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے آئے ہیں اور پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کی بڈنگ میں ملکی و بین الاقوامی فرمز کی دلچسپی پاکستان میں کرکٹ اور کھیلوں کے شعبے کی بین الاقوامی مقبولیت کی عکاس ہے۔ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ساتھ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔