بشریٰ بی بی، یاسمین راشد اور 70 سال سے زائد عمر کے سیاسی قیدی رہا کیے جائیں

 بشریٰ بی بی، یاسمین راشد اور 70 سال سے زائد عمر کے سیاسی قیدی رہا کیے جائیں

سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مطالبہ کیا ہے کہ اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے ماحول بہتر بنانے کے لیے جیل میں قید بشریٰ بی بی، یاسمین راشد سمیت 70 سال سے زائد عمر کے تمام سیاسی قیدی رہا کیے جائیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ لڑائی حکومت اور پی ٹی آئی کی ہے، لیکن نقصان عوام کا ہو رہا ہے۔ انہوں نے حکومت کے سروے کے حوالے سے بتایا کہ ملک میں 30 فیصد لوگ تین وقت کا کھانا نہیں کھا سکتے اور روزمرہ کی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں 200 فیصد تک بڑھ چکی ہیں۔فواد چوہدری نے کہا: "ہم بار بار مذاکرات کی بات کرتے اور لوگوں کو قریب لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت میں شامل افراد کو ذمہ داری لینی ہوگی تاکہ سیاسی درجہ حرارت کم ہو، ورنہ ملک افغانستان جیسا ہو جائے گا۔"انہوں نے حکومت اور اپوزیشن دونوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت روزانہ سیاسی تماشا دیکھنا چاہتی ہے، اور اپوزیشن سنجیدہ موقف اختیار نہیں کر رہی۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، تاہم دوسری جانب سے آنے والے بیانات افسوسناک ہیں۔