عمران خان اور بشریٰ بی بی سیاسی قیدی ہیں، مہنگائی مزید بڑھے گی:عمر ایوب

عمران خان اور بشریٰ بی بی سیاسی قیدی ہیں، مہنگائی مزید بڑھے گی:عمر ایوب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی کوئی حکمت عملی نہیں ہے اور مہنگائی مزید بڑھے گی۔

 انہوں نے ایف بی آر کی جانب سے گاڑیاں خریدنے کے عمل کی شدید مذمت کی اور اسے غیر ضروری قرار دیا۔عمر ایوب نے مزید کہا کہ پنجاب کی انتظامیہ پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہیں دے رہی، جو ان کے مطابق جمہوری حق ہے۔ بلوچستان میں 500 ارب روپے کا پیٹرول اسمگل ہونے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے سوال اٹھایا کہ اس کا ذمہ دار کون ہے۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کو سیاسی قیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی رہائی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔عمر ایوب کی ضمانت میں توسیع کے حوالے سے لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ان کے 9 مئی کے 3 مقدمات میں عبوری ضمانت کی مدت میں 18 فروری تک توسیع کردی۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ تفتیش مکمل کی جائے۔ عدالت میں عمر ایوب نے بتایا کہ وہ خود جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے لیکن ان کا موقف ریکارڈ نہیں کیا جا سکا۔ پولیس نے جواب دیا کہ ابھی بیانات ریکارڈ ہونا باقی ہیں۔