ڈاکٹر یاسمین راشد این اے 130 الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف عدالت جائیں گی

ڈاکٹر یاسمین راشد این اے 130 الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف عدالت جائیں گی

پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے این اے 130 کے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد نے اس سلسلے میں جیل میں موجود اپنی قانونی ٹیم سے مکمل مشاورت کی، جس کے بعد آئندہ قانونی حکمت عملی طے کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ ٹریبونل کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ان کی ہدایت کے مطابق وکیل رانا مدثر عمر نے لاہور کے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو فوری طور پر عدالت میں چیلنج کرنے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔ وکیل کے مطابق، ٹریبونل کے فیصلے کی مصدقہ کاپی کے لیے درخواست دے دی گئی ہے اور جیسے ہی کاپی موصول ہوگی، پٹیشن دائر کر دی جائے گی۔

رانا مدثر عمر نے بتایا کہ الیکشن ٹریبونل نے کیس میں حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا اور تکنیکی بنیادوں پر ڈاکٹر یاسمین راشد کی الیکشن پٹیشن مسترد کر دی گئی تھی۔واضح رہے کہ لاہور کے الیکشن ٹریبونل نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی نواز شریف کے خلاف دائر کی گئی الیکشن پٹیشن کو ناقابل سماعت قرار دیا تھا، جس پر اب پی ٹی آئی رہنما نے عدالت سے رجوع کر کے قانونی حق کا تحفظ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔