ویب ڈیسک: انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی 2023 کو ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے کیسز میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چار سینئر رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کو سخت سزائیں سناتے ہوئے 10، 10 سال قید اور 6، 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی ہے۔
یہ مقدمات تھانہ شادمان اور تھانہ سرور روڈ میں درج کیے گئے تھے جن میں ملزمان پر پرتشدد مظاہروں کے دوران عوامی اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام تھا۔ عدالت نے ان کیسز میں تفصیلی فیصلہ سناتے ہوئے قیدیوں کے جیل وارنٹ جاری کیے اور ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر سزا یافتہ افراد کو جیل منتقل کرکے سزاؤں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔یہ مقدمات 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق ہیں، جب پی ٹی آئی کے چیئرمین کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں مشتعل مظاہرے ہوئے جن میں فوجی تنصیبات، سرکاری و نجی املاک کو نشانہ بنایا گیا تھا۔اس فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے ان رہنماؤں کے خلاف قانونی کارروائی میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور ان پر سخت قانونی سزائیں نافذ کی گئی ہیں۔