اظہر علی کو پی سی بی کا یوتھ ڈیولپمنٹ کا سربراہ مقرر کردیا گیا

اظہر علی کو پی سی بی کا یوتھ ڈیولپمنٹ کا سربراہ مقرر کردیا گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان اور کرکٹر اظہر علی کو یوتھ ڈیولپمنٹ کا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اظہر علی کو قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن ہونے کے ساتھ ساتھ یوتھ ڈیولپمنٹ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ان کی تقرری پی سی بی کے ریکروٹمنٹ کے عمل کے مطابق کی گئی ہے۔اظہر علی کو پاکستان کرکٹ کے مستقبل کی تشکیل کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کے کرکٹ کی حکمت عملی کو ڈیزائن اور نافذ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس میں گراس روٹ کرکٹ کا ڈھانچہ مضبوط کرنا، ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ساتھ ایج گروپ کے پروگراموں کو مستحکم کرنا، اور پی سی بی کے پاتھ وے پروگرام کے تحت ابھرتے کرکٹرز کی تربیت شامل ہے۔ وہ سیمینارز، کلینکس اور آف فیلڈ ڈیولپمنٹ کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے پروگرامز بھی چلائیں گے۔

اظہر علی نے اس اہم کردار کے لیے فخر اور جوش کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔پی سی بی نے اظہر علی کو ان کی نئی تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا تجربہ اور وژن نوجوانوں کی کرکٹ کے مستقبل کے لیے اہم ثابت ہوگا۔اظہر علی نے 2002 میں آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ سے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ انہوں نے 2010 سے 2022 تک 97 ٹیسٹ اور 53 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 9 ٹیسٹ اور 31 ون ڈے میچز میں قومی ٹیم کی کپتانی بھی کی۔ اظہر علی 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے اہم رکن تھے۔