فیفا ورلڈکپ 2026 تاریخ کا سب سے بڑا فٹبال ٹورنامنٹ قرار

فیفا ورلڈکپ 2026 تاریخ کا سب سے بڑا فٹبال ٹورنامنٹ قرار

فیفا ورلڈکپ 2026 نے باضابطہ طور پر تاریخ کے سب سے بڑے فٹبال ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کر لیا ہے، جہاں پہلی بار 48 ٹیمیں اور مجموعی طور پر 1248 کھلاڑی شرکت کریں گے۔

یہ میگا ایونٹ 12 جون سے شروع ہوگا اور اس کی میزبانی امریکا، میکسیکو اور کینیڈا مشترکہ طور پر کریں گے، جو ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار تین ممالک میں منعقد ہو رہا ہے۔نئے فارمیٹ کے تحت 48 ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ میں 4 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے، جس سے ایونٹ کے مزید طویل اور دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔رپورٹس کے مطابق 1248 کھلاڑیوں میں سے 357 کھلاڑی پہلے بھی ورلڈکپ کھیل چکے ہیں جبکہ 891 کھلاڑی پہلی بار اس عالمی اسٹیج پر نظر آئیں گے۔ فٹبال کے بڑے ناموں میں لیونل میسی، کرسٹیانو رونالڈو اور گیلرمو اوچوا شامل ہیں، جو چھٹی بار ورلڈکپ کھیلنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

اس بار چار نئے ممالک — کیپ ورڈے، کوراساؤ، اردن اور ازبکستان — پہلی مرتبہ ورلڈکپ کا حصہ بن رہے ہیں، جس سے مقابلہ مزید دلچسپ ہو گیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق سب سے کم عمر کھلاڑی 17 سال جبکہ سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی 43 سال کی عمر میں میدان میں اترے گا۔ مجموعی طور پر 7 کھلاڑی 40 سال سے زائد عمر کے اور 22 انڈر-20 کھلاڑی اپنی ٹیموں کی نمائندگی کریں گے۔FIFA World Cup 2026 کو فٹبال کی تاریخ میں ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔