چیئرمین سی ڈی اے 19 جنوری کو طلب،، قائمہ کمیٹی داخلہ نے سی ڈی اے سے رپورٹ مانگ لی
قائمہ کمیٹی داخلہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں نان ٹیکس فائلرز کے اسلحہ لائسنس منسوخ کرنے کا معاملہ بھی شامل
اسلام آباد ( آن لائن )اسلام آباد میں پولن الرجی کے نام پر ہزاروں درختوں کی کٹائی کا معاملہ پارلیمنٹ پہنچ گیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر فیصل سلیم نے درختوں کی بڑے پیمانے پر کٹائی کا نوٹس لیتے ہوئے اس پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی داخلہ نے اس حوالے سے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے، جبکہ چیئرمین سی ڈی اے کو ذاتی حیثیت میں 19 جنوری کو قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں درختوں کی کٹائی کے اسباب، قانونی جواز اور ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔پارلیمانی ذرائع کے مطابق کمیٹی اس بات کا بھی جائزہ لے گی کہ آیا پولن الرجی کے نام پر کی جانے والی کٹائی ماحولیاتی قوانین اور عدالتی احکامات کے مطابق ہے یا نہیں، اور اس عمل میں کسی قسم کی غفلت یا بے ضابطگی تو نہیں ہوئی۔دوسری جانب قائمہ کمیٹی داخلہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں نان ٹیکس فائلرز کے اسلحہ لائسنس منسوخ کرنے کا معاملہ بھی شامل کرلیا گیا ہے۔