لردگان شہر میں مظاہرین نے گورنر کے دفتر اور دیگر سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچایا
شمالی خراسان کے شہر بجنورد میں دکان کو آگ لگا دی گئی، سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات
تہران(آئی این پی )ایران میں مہنگائی کے خلاف جاری پرتشدد احتجاج میں مزید شدت آگئی ،تازہ احتجاج کے دوران مظاہرین کی فائرنگ سے 2 سکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہو گئے۔ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق احتجاج اس وقت پرتشدد رنگ اختیار کرگیا جب لردگان شہر میں دکاندار اپنی دکانیں بند کرنے کے بعد بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔رپورٹ کے مطابق احتجاج کے دوران مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھرا ئوکیا گیا جبکہ بعض مظاہرین نے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق لردگان شہر میں مظاہرین نے گورنر کے دفتر اور دیگر سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔ادھر سرحدی صوبے شمالی خراسان کے شہر بجنورد میں ایک دکان کو آگ لگا دی گئی، تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قریب موجود ایک شہری کی گاڑی کو محفوظ مقام پر منتقل کر کے اسے آگ لگنے سے بچا لیا۔