وزیراعلی پنجاب کا تحصیل سطح تک سٹروک سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ

لاہور(آئی این پی ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے تحصیل سطح تک اسٹروک سینٹرز قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔وزیراعلی مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے بھر میں فالج کے مریضوں کے لئے  جدید اسٹروک مینجمنٹ سینٹرز قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں فالج کی بروقت تشخیص اور علاج کے لئے  موثر اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔وزیراعلی پنجاب نے فالج کے علاج میں استعمال ہونے والے ٹی پی اے اور جدید ٹی این کے انجکشن کی خریداری کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وسط فروری تک انجکشن کی دستیابی اور طبی عملے کی ٹریننگ مکمل کی جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فزیشنز کو بھی ٹی پی اے اور ٹی این کے انجکشن لگانے کی باقاعدہ تربیت دی جائے گی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اسٹروک مینجمنٹ پروگرام کی عارضی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ صوبے میں مرحلہ وار اسٹروک مینجمنٹ سنٹرز قائم کیے جائیں گے