عوام کی حفاظت ذمہ داری، کسی کوانتشارپھیلانے نہیں دینگے مریم نواز

وزیراعلی پنجاب سے چینی سرمایہ کاروں کی ملاقات، سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار‘مریم نواز شریف نے چینی وفد میں خواتین کو دیکھ کر خوشی کا اظہارکیا
 پنجاب کے انڈسٹریل زون اور انڈسٹریل پارک سرمایہ کاری کیلئے بہترین پوٹینشل رکھتے ہیں، ٹیکس ہالی ڈے اور ڈیوٹی امپورٹ ریلیف بھی دیا جائیگا:وزیراعلی
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے چین کے نمایاں سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے چینی وفد میں خواتین کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ برازیل روانگی سے قبل چینی وفد سے ملاقات بے حد اہمیت کی حامل ہے، پنجاب میں سرمایہ کاری کا بہترین پوٹینشل موجود ہے۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ زیروٹائم ٹو سٹارٹ پالیسی متعارف کرائی گئی ہے، زیروٹائم ٹو سٹارٹ پالیسی متعارف کرانے کا مقصد سرمایہ کاروں کی بھرپورمعاونت اور حوصلہ افزائی ہے، پنجاب سرمایہ کاری کے مواقع کے لحاظ سے بہترین دور سے گزررہا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب کے انڈسٹریل زون اور انڈسٹریل پارک سرمایہ کاری کے لئے بہترین پوٹینشل رکھتے ہیں، سرمایہ کاروں کے لئے ٹیکس ہالی ڈے اور ڈیوٹی امپورٹ ریلیف بھی دیا جائے گا، انفراسٹرکچر، آئی ٹی سیکٹر اور میڈیکل ٹورازم کے شعبے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے بہترین ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال دورہ چین کے بعد میڈیکل اور دیگر شعبوں میں جدت متعارف کرا رہے ہیں، پنجاب میں رئیل اسٹیٹ انفراسٹرکچر سرمایہ کو جلد منافع میں بدل سکتا ہے، روڈا کا پراجیکٹ انفراسٹرکچر کے لحاظ سے ایک مثال ہوگا، دریں اثناء وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے وزیرآباد اور میانوالی کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی جس میں عوامی مسائل، ضروریات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی‘اس موقع پر مریم نواز نے کہا صوبے کے عوام کے جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، انتشار پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔۔ پارلیمنٹرینز نے وزیرآباد اور میانوالی میں گرین بس پراجیکٹ کے آغاز پر خصوصی طور شکریہ ادا کیا اور ستھرا پنجاب پراجیکٹ کو سراہا۔ پارلیمنٹرینز نے صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال پر وزیراعلی مریم نواز شریف کے ساتھ ہمقدم چلنے کا عہد کیا، انہوں نے صوبے میں کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کیلئے ای بز پورٹل لانچ کرنے پر وزیراعلی مریم نواز شریف کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ ارکان پارلیمنٹ نے نجی املاک پر  قبضے ختم کرانے کے لئے وزیراعلی پنجاب کے تاریخی اقدام کو بھی سراہا۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت ہی مسلم لیگ  (ن) اور قائد محمد نواز شریف کا منشور ہے