بانیٔ پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کا گھر پر بسنت منانے کا اعتراف

بانیٔ پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کا گھر پر بسنت منانے کا اعتراف

بانیٔ پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ انہوں نے یا پاکستان تحریکِ انصاف نے کبھی کسی سے بسنت نہ منانے کی اپیل نہیں کی، کیونکہ لاہوریوں کو بسنت منانے سے روکنا ممکن ہی نہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ بسنت کسی ایک سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ لاہور کی روایت ہے، اور انہوں نے خود بھی اپنے گھر پر پتنگ اُڑائی۔راولپنڈی میں انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ انہوں نے لاہور میں بسنت کے دوران عوام کا جوش و جذبہ دیکھا، جہاں بچہ بچہ پتنگ اُڑا رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا بیٹا بھی 6 فروری کو اپنے بچوں کے ساتھ لاہور گیا تھا اور بسنت منائی۔علیمہ خان کے مطابق ان کا بڑا بیٹا بسنت کا خاصا شوقین ہے اور لاہور میں بسنت کی روایت اتنی مضبوط ہے کہ اسے کسی کے کہنے پر روکا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کسی سیاسی جماعت کی بسنت نہیں تھی بلکہ لاہوریوں کا تہوار تھا۔سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ 8 فروری کا احتجاج بہت مؤثر تھا۔ ان کے بقول جس طرح عوام نے خاموشی سے ووٹ ڈال کر احتجاج ریکارڈ کرایا، اسی طرح حالیہ احتجاج بھی خاموشی کے ساتھ کیا گیا۔

 انہوں نے کہا کہ پہلے عوام سے کہا جاتا تھا کہ گھروں میں بیٹھیں، اب کہا جا رہا ہے کہ باہر نکلیں، لیکن پاکستانی عوام نے اپنی بات خاموشی کے ساتھ کہہ دی۔علیمہ خان نے کہا کہ جن لوگوں نے دکانیں بند کرکے احتجاج کرنا تھا، انہوں نے کیا، اور جنہوں نے نہیں کرنا تھا انہوں نے نہیں کیا، مگر اس کے باوجود احتجاج کامیاب رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ کل کے احتجاج کو ناکام قرار دینا حقائق کے منافی ہے، کیونکہ عوام نے اپنے طریقے سے ردِعمل دیا۔عدالتی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں گزشتہ دو سال کے دوران جمع ہونے والے مقدمات پر ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ان کے مطابق اپیلوں کی سماعت کے لیے تین رکنی بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے، جو ایک مثبت قدم ہے۔