لاہور میں محدود پیمانے پر بسنت منانے کی منظوری کی تجویز سامنے آئی

لاہور میں محدود پیمانے پر بسنت منانے کی منظوری کی تجویز سامنے آئی

لاہور میں بسنت منانے کے لیے محدود سطح پر اجازت دینے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

 ذرائع کے مطابق، یہ فیسٹیول صرف دو روز (ہفتہ اور اتوار) کے لیے اندرونِ شہر مخصوص علاقوں میں منعقد کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے بسنت سے متعلق سفارشات حکومت کو پیش کی ہیں، جن کے مطابق، بسنت کی تقریبات شاہی قلعہ، موچی گیٹ، بھاٹی گیٹ اور رنگ محل جیسے علاقوں میں محدود پیمانے پر منعقد کی جائیں گی۔انتظامیہ نے ایک محفوظ اور منظم پلان تیار کیا ہے، جس کے تحت بسنت کے دوران حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔ موٹر سائیکلوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی، اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے سیفٹی اینٹینا اور گلے کا کور لازمی قرار دیا جائے گا۔

مزید برآں، لاہور کی مین سڑکوں پر سیفٹی نیٹس اور وائر پروٹیکشن سسٹمز نصب کیے جائیں گے تاکہ پتنگ بازی کے دوران حادثات سے بچاؤ ممکن ہو۔ تیز دھاتی، نائیلون اور کیمیکل ڈور کی استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی، اور صرف کپاس یا نشاستے سے تیار شدہ ڈور کی اجازت دی جائے گی۔پتنگوں اور ڈوروں پر بار کوڈ لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ غیر رجسٹرڈ پتنگ فروشوں کے خلاف کارروائی ممکن ہو سکے۔ غیر محفوظ اور غیر رجسٹرڈ پتنگ بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا، تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔