’ٹو مچ‘ گانے کے برطانوی گلوکار نے لائیو اسٹریم کے دوران اسلام قبول کرلیا

’ٹو مچ‘ گانے کے برطانوی گلوکار نے لائیو اسٹریم کے دوران اسلام قبول کرلیا

لندن: مشہور برطانوی ریپر اور گلوکار سینٹرل سی نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 27 سالہ فنکار، جن کا اصل نام اوکلی نیل سیزر-سو ہے، نے ایک لائیو اسٹریمنگ کے دوران کلمہ شہادت پڑھ کر مسلمان ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ انہوں نے اپنا نام بھی تبدیل کر لیا ہے۔

سینٹرل سی نے کہا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے اپنا پہلا نام اوکلی سے بدل کر عقیل رکھ لیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ موجود دوستوں نے انہیں مبارکباد دی۔انہوں نے اپنے روحانی سفر کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، تاہم مداحوں نے ماضی میں ان کی بعض سوشل میڈیا پوسٹس میں عربی کیپشنز دیکھ کر قیاس آرائیاں کی تھیں۔ اس سے قبل انہوں نے اپنے مذہبی عقائد پر کھل کر بات نہیں کی تھی۔سینٹرل سی کو 2023 میں ریلیز ہونے والے گانے ’ٹو مچ‘ سے عالمی شہرت حاصل ہوئی۔ وہ اپنی منفرد موسیقی اور عام زندگی سے جڑے بولوں کی وجہ سے دنیا بھر میں لاکھوں مداح رکھتے ہیں۔

27 سالہ گلوکار 4 جون 1998 کو لندن میں پیدا ہوئے اور انہوں نے 2014 میں اپنے موسیقی کے کیریئر کا آغاز کیا۔ وہ برطانوی ڈرل اور ریپ میوزک کے نمایاں فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ 2024 میں انہیں دنیا بھر میں سب سے زیادہ سنے جانے والے برطانوی ریپر کا اعزاز بھی حاصل ہوا، جبکہ ان کے گانوں کو مختلف پلیٹ فارمز پر اربوں بار سنا گیا۔