آئی سی سی ہال آف فیم کے سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ اور بھارتی کمنٹیٹر روی شاستری نے پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کی حالیہ غیر مستقل کارکردگی پر تشویش ظاہر کی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف بابر نے 18 گیندوں پر صرف 15 رنز بنائے، جس پر پونٹنگ نے کہا کہ اس طرح بیٹر خود دباؤ میں آتا ہے اور دوسرے اینڈ پر موجود کھلاڑی پر بھی دباؤ بڑھتا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ بابر کو دوبارہ نمبر تین پر بیٹنگ کرائی جائے تاکہ پاور پلے میں فیلڈنگ پابندیوں کا فائدہ اٹھا سکیں۔روی شاستری نے کہا کہ کیریئر کے اس مرحلے پر توقعات کا بوجھ کھلاڑی کو متاثر کرتا ہے اور بابر کو ابتدائی گیندوں پر جارحانہ انداز اپنانا ہوگا، چاہے اس میں آؤٹ ہونے کا خطرہ ہی کیوں نہ ہو۔ شاستری اور پونٹنگ دونوں نے کہا کہ اگر بابر نے جلد خود کو ایڈجسٹ نہ کیا تو ٹیم کے لیے یہ بڑا چیلنج بن سکتا ہے، اور پاکستان کو ان کی بہترین کارکردگی کے لیے سازگار حالات فراہم کرنے ہوں گے۔