پمزمیں 48،پولی کلینک میں 14زخمی زیرعلاج،آئی جی کا اسلام آبادکی سکیورٹی کاجائزہ
امام بارگاہ ترلائی میں رسم سوئم ادا، جاں بحق نوجوان کاشان کی استورمکیال میں نمازجنازہ
اسلام آباد،استور(خصوصی رپورٹ) ترلائی امام بارگاہ میں دھماکے کے 5زخمیوں کو طبی معائنہ کے بعد پمزہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے جبکہ پمز میں اس وقت 48 زخمی زیر علاج ہیں ،جن میں سے 20 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ پولی کلینک ہسپتال میں اس وقت 14 زخمی زیرعلاج ہیں۔علاوہ ازیں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرتے ہوئے شہر کے مختلف ڈیوٹی پوائنٹس پرسکیورٹی کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی، انہوں نے سخت چیکنگ، مؤثر نگرانی اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ادھر استورمیں سانحہ ترلائی میں جاں بحق نوجوان کاشان کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں مکیال میں اداکی گئی، نمازِ جنازہ میں انتظامیہ و عسکری قیادت کے نمائندگان اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی،جس کے بعد کاشان کی تدفین آبائی قبرستان میں کی گئی۔ دریں اثناشہدائے سانحہ مسجد خدیجہ الکبریٰ کیلئے قرآن و فاتحہ خوانی اور اجتماعی رسم سوئم ترلائی میں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں ادا کر دی گئی۔ مجلس سوئم سے خطاب کرتے ہوئے علماء و ذاکرین نے دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اس عہد کا اظہار کیا کہ راہِ حسین ابنِ علی پر چلتے رہیں گے۔شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ امام بارگاہ خدیجٓ الکبریٰ میں منعقدہ مجلسِ سوئم میں شرکت کی۔