بہاولنگر میں افسوسناک واقعے کے دوران تین سالہ بچہ گندے پانی کے گڑھے میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ اڈا سونڈھا روڈ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں بچہ کھیلتے ہوئے کھلے گڑھے میں جا گرا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہلِ محلہ نے فوری طور پر بچے کی لاش گڑھے سے نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ کے قریب بھی گٹر میں گر کر ماں اور بیٹا جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے سخت نوٹس لیتے ہوئے گٹر کے ڈھکن چوری کرنے، خریدنے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت سزا کے احکامات جاری کیے تھے۔وزیراعلیٰ کے احکامات کے باوجود ایسے واقعات کا سلسلہ نہ رک سکا، اور حال ہی میں قصور میں بھی ایک شادی ہال کے مین ہول میں گر کر تین سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا تھا، جس نے انتظامی غفلت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔