بنگلہ دیش کے نیول چیف ایڈمرل محمد نظم الحسن کی جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات ‘دفاعی اور سکیورٹی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
آرمی چیف سے مالدیپ کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس فورسز کی ملاقات ‘باہمی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا
راولپنڈی(آئی این پی)بنگلا دیشی بحریہ کے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد نظم الحسن نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔بنگلا دیش کی مسلح افواج کے اس دوسرے اعلی سطحی دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، موجودہ علاقائی سلامتی کے ماحول اور دو طرفہ دفاعی اور سیکورٹی تعاون کو بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ایڈمرل محمد نظم الحسن نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی نمایاں خدمات بالخصوص آئندہ کثیر القومی میری ٹائم مشق امن 2025 کے انعقاد اور امن ڈائیلاگ کے انعقاد کو سراہا۔ ایڈمرل محمد نظم الحسن نے ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے کلیدی کردار کا بھی اعتراف کیا۔دریں اثنا مالدیپ کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس فورسزمیجر جنرل ابراہیم ہلمی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو )راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے نے ملاقات کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تفصیلی بات کی گئی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اورمیجر جنرل ابراہیم ہلمی نے دونوں اطراف سے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان بھائی چارے اور دوستی کے پائیدار بندھنوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق فریقین نے اہم علاقائی امور پر اپنے مشترکہ نقطہ نظر پر زور دیا