کراچی(آئی این پی )پولیس نے جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر مسلم پرویز، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق سمیت دیگر رہنماوں کو گرفتار کرلیا۔جماعت اسلامی نے 8 فروری کے عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر عوامی پریس کانفرنس کا اعلان کیا تھا۔پولیس کی جانب سے پریس کانفرنس کیلئے لگایا گیا ٹینٹ بھی اکھاڑ دیا گیا، جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے جیسے ہی پریس کانفرنس کا آغاز کیا تو پولیس نے انہیں روک دیا۔ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران رہنمائوں کو گرفتار کیا گیا، پولیس نے الیکشن کمیشن آفس کے باہر تمام دکانیں اور ہوٹل بھی بند کرادیئے۔ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر مسلم پرویز، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، امرائے اضلاع سفیان دلاور، مدثر حسین انصاری ودیگر ذمہ داران شامل ہیں۔