بھارت کی آبی دہشت گردی ،چناب میں پانی چھوڑ دیا

 پانی کی سطح7207کیوسک سے بڑھ کر63,235 کیوسک تک پہنچ گئی ،دیہات متاثر،ہیڈ مرالہ کے مقام پر ایمرجنسی نافذ 
سیالکوٹ،اسلام آباد (خصوصی رپورٹ،بیورو رپورٹ )آبی جارحیت ، بھارت نے پاکستان کو اطلاع دیئے بغیر پانی کا ریلا چھوڑ دیا،دریائے چناب اور جموں توی میں طغیانی، بجوات کے متعدد دیہات اور علاقے متاثر ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر پیشگی اطلاع مقبوضہ جموں و کشمیر میں دریائے چناب پرقائم بگلیہار ڈیم کے سپل وے رات کی تاریکی میں کھول دئیے جس سے دریائے چناب میں پانی کی سطح 7ہزار207کیوسک سے بڑھ کر63ہزار245کیوسک تک پہنچ گئی اور دریائے جموں توی میں 1ہزار649کیوسک سے بڑھ کر 4ہزار 85کیوسک تک پہنچ گئی، مناور توی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے باعث ہیڈ مرالہ کے مقام پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ، محکمہ انہار نے تمام عملہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے طلب کر لیا۔ دریائوں میں پانی کی سطح بلند ہونے پر سیالکوٹ کے سرحدی علاقہ بجوات میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بعض علاقوں میں سیلابی پانی فصلوں میں بھی داخل ہو گیا جس سے گندم ، چارہ کی فصلیں متاثر ہوئیں تاہم پانی کی سطح 5گھنٹے بعد معمول پر آگئی۔ آبی ماہرین کے مطابق بھارت نے پاکستان میں گندم کی فصل کو نقصان پہنچانے کے لئے اپنے ڈیم خالی کئے اب وہ ڈیم دوبارہ بھرے گا جس سے دریائے چناب میں پانی کا بہائو صفر ہوسکتا ہے۔