شمالی لاہور کے تحت ایل ڈی اے ،ٹیپا ،سڑکوں، گلیوں ،سیوریج انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر بہتر بنائینگے
لاہور (خصوصی رپورٹ)شمالی لاہور کیلئے تیار میگا ترقیاتی پیکیج کی تفصیلات سامنے آگئیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد ڈیزائن وتخمینہ لاگت فائنل،ایل ڈی اے اور ٹیپا مختلف علاقوں میں8منصوبوں پر کام کرینگے جن پر 3 ارب 65 کروڑ 30 لاکھ روپے خرچ ہونگے۔سڑکوں، گلیوں ،سیوریج انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر بہتر بنایا جائیگا ، منصوبے 4 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔ پیکیج کے تحت ایل ڈی اے ایریا ون میں5 ترقیاتی کام کرے گا، سب سے بڑا منصوبہ کچا رحیم روڈ اور مصری شاہ کا ہے جس پر 62 کروڑ 79 لاکھ ،شادباغ، مصری شاہ پیکیج کی لاگت 52 کروڑ 88 لاکھ ،مصری شاہ گروپ ون گلیوں کی تعمیر پر 26 کروڑ 47 لاکھ ،گروپ بی مصری شاہ کی گلیوں پر 23 کروڑ 92 لاکھ ، عزیز روڈپر 19 کروڑ 93 لاکھ خر چ ہونگے۔اسی پیکیج کا حصہ ہوتے ہوئے ٹیپا نے بھی مصری شاہ میں 3 ترقیاتی گروپ تشکیل دیئے ہیں۔ منصوبوں میں اکبر روڈ ڈرین کیلئے 25 کروڑ 30 لاکھ ،سلطان پورہ روڈ اور خیر دین روڈ کیلئے 26 کروڑ 29 لاکھ اور جی ٹی روڈ کی آبادیوں میں بہتری کیلئے 26 کروڑ 72 لاکھ کی لاگت شامل ہے۔ٹیپا کے تینوں منصوبے پر بھی کام جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔