سیلز ٹیکس کے 40 ارب ،ٹریفک چالان جرمانوں سے ڈیڑھ ارب وصول ہوئے
لاہور ( کرائم رپورٹر)پنجاب آئی ٹی بورڈ اور محکمہ خزانہ پنجاب کے اشتراک سے وضع کردہ سرکاری ادائیگیوں اور ٹیکسوں کے آن لائن نظام 'ای پے پنجاب' کے ذریعے صوبائی حکومت کو مالی سال 2025-26کے پہلے 2ماہ یعنی جولائی اور اگست میں 65ارب روپے سے زائد کا ٹیکس ریونیو وصول ہو چکا ہے جبکہ شہریوں کی جانب سے 60لاکھ سے زائد آن لائن ٹرانزیکشنز کی گئیں۔ یہ بات چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کی زیرِ صدارت جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ای پے پنجاب کے ذریعے سیلز ٹیکس کی مد میں 40 ارب روپے سے زائد، ٹوکن ٹیکس کی مد میں 4ارب روپے سے زائد، ٹریفک چالان کی مد میں ڈیڑھ ارب روپے سے زائد، پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 80کروڑ روپے سے زائد کا ریونیو وصول کیا گیا ہے۔ ای پے پنجاب کے تحت شہریوں کو 18محکموں کے 88 مختلف محصولات کی ادائیگی کی سہولت دی گئی ہے جس سے انہیں دفاتر کے غیر ضروری چکروں اور ایجنٹ مافیا سے نجات ملی ہے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ 2ماہ میں 70ہزار سے زائد شہری ای پے پنجاب ایپ ڈاون لوڈ کر چکے ہیں جو اس نظام کی مقبولیت اور عوامی اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس حوالے سے فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ ای پے پنجاب نے شہریوں کیلئے ادائیگیوں کا عمل نہایت آسان اور محفوظ بنا دیا ہے جس سے سرکاری محصولات کی وصولی میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ہمارا مقصد اس نظام کو مسلسل بہتر بناتے ہوئے مزید سہولیات شامل کرنا ہے تاکہ عوام کو گھر بیٹھے تیز اور موثر خدمات فراہم کی جا سکیں۔