خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگنے کی دیر ، ان ہائو س تبدیلی نظر آئے گی، شیر افضل مروت

 گنڈاپور کو 30 سے 35 ایم پی ا یز نے کہا  ہم آپ کے ساتھ ہیں استعفی مت دیں
 جو ڈی چوک کے نعرے لگا رہے تھے وہ اب کوہاٹ پہنچ گئے ، بہنیں بھی اڈیالہ نہیں جائیں گی
اسلام آباد(آئی این پی )رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے دعوی کیا ہے کہ خیبرپختونخو ا میں گورنر راج لگنے کی دیر ہے ان ہائوس تبدیلی سامنے نظر آئے گی۔ ایک انٹرویو میں   انہوں نے کہا کہ جس رات علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلی سے ہٹایا گیا اس رات کے پی ہائوس میں 30 سے 35 ایم پی ایز انہیں یہ کہہ رہے تھے کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں آپ استعفی مت دیں، اب گورنر راج لگنے کی دیر ہے تو ان ہائوس تبدیلی سامنے نظر آئے گی کیوں کہ جس سیاست پر اب یہ چلے گئے ہیں یہ تعداد 35 سے بڑھ جائے گی۔شیر افضل مروت کا  کہنا  تھاکہ  کہ یہ جو معاملات ہیں اور پی ٹی آئی کی جو قیادت بنی ہوئی ہے یہ قیادت ہے نہیں، جو ڈی چوک کے نعرے لگا رہے تھے وہ اب کوہاٹ پہنچ گئے ہیں، میڈیا جیل کے سامنے جائے گا میں دیکھ رہا ہوں ۔منگل کو عمران خان کی بہنیں بھی اڈیالہ جیل نہیں جائیں گی، یہ کوئی حکمت عملی نہیں ہے بلکہ ان کے ڈر کا حصہ ہے کیوں کہ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ کوئی آئے گا تو دیکھیں گے، اس لیے کوئی جائے گا ہی نہیں۔