عمران خان کی نئی ہدایات پر من و عن عمل کیا جائے گا،12لوگ کنفرم ہیں جن کی ہلاکت ہوچکی ہے
اسلام آباد(آئی این پی )پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ جنوری میں ہم ایک بار پھر احتجاج کی پوزیشن میں ہوں گے۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ میں نیوز چینل کو داد دیتا ہوں جس نے پہلی دفعہ آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی، ہم مزید آپ کو چار لوگوں کے کوائف دے سکتے ہیں، 12لوگ کنفرم ہیں جن کی ہلاکت ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نئی ہدایات پر من و عن عمل کیا جائے گا ۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے علاوہ اسلام آباد پولیس کے چند ایس ایچ اوز اور دیگر افسران کے خلاف شواہد اکٹھے کرکے دفعہ 302کا فوجداری استغاثہ دائر کریں گے، جتنے مقتولین ہوں گے ان کا علیحدہ استغاثہ انہی ملزمان کے خلاف دائر ہوگا جو ان کے قتل کا موجب بنے ہیں، اسی طرح زخمیوں کے حوالے سے بھی قانونی کارروائی ہوگی۔