کسی کے کندھے پر بیٹھ کر اقتدار تک پہنچنے والے آج اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کررہے ہیں، ذہنی مریض کبھی بھی ملک کے حق میں بات نہیں کرے گا
پشاور میں جلسے نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی ساری باتیں سچ ثابت کر دیں، آپ اپنی سیاست چمکانے کیلئے بار بار فوج اوراس کے سربراہ کو سیاست میں لاتے ہیں
اسلام آباد(آئی این پی )وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے پی ٹی آئی کے پشاور میں جلسے نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی ساری باتیں سچ ثابت کر دیں، مذاکرات کی دعوت نہیں،اب اداروں کے خلاف استعمال ہونے والی زبان کھینچ لی جائے گی،کسی کے کندھے پر بیٹھ کر اقتدار تک پہنچنے والے آج اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کررہے ہیں۔ ذہنی مریض کبھی بھی ملک کے حق میں بات نہیں کرے گا، اب اڈیالہ کے باہر آئیں ، شعبدہ بازی کرنے والوں کو قانون کی عملداری بتائیں گے۔اپنے ایک بیان میں وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ پشاور میں پی ٹی آئی نے جلسہ کیا، لوگ سمجھ رہے تھے پی ٹی آئی اپنی 13سالہ کارکردگی کے بارے بات کرے گی، جلسے میں گالم،گلوچ اورتنقید کے علاوہ کچھ نہیں کہا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے میں ثابت ہوگیا ڈی جی آئی ایس پی آر کی ساری باتیں سچ اورحقیقت ہیں، فوج سیاست میں مداخلت نہیں کررہی، آپ اپنی سیاست چمکانے کیلئے بار بار فوج اوراس کے سربراہ کو سیاست میں لاتے ہیں، اب انتشار برداشت نہیں کیا جائے گا، اداروں کا تحفظ حکومت پر فرض ہے۔