وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے دورے کے پہلے روز ہائی جیا میڈیکل ٹیکنالوجی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کے صدر ڈاکٹر لیو فولیانگ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر کینسر کے علاج کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے معاہدے (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔
کینسر ہسپتال کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی
مریم نواز نے ہائی جیا میڈیکل ٹیکنالوجی سے پاکستان میں پہلے پبلک سیکٹر نواز شریف کینسر ہسپتال کے منصوبے پر بات چیت کی اور چینی ماہرین کی مدد سے جدید آلات کی تنصیب کا عزم ظاہر کیا۔ چینی ادارے نے ہسپتال کے لیے پیشہ ورانہ معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
شی جی تان ہسپتال کا دورہ
وزیر اعلیٰ نے بیجنگ کے معروف شی جی تان ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہیں جدید تحقیق، علاج کے طریقوں، اور پیشنٹ کیئر سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں چین کے میڈیکل انشورنس سسٹم کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ مریم نواز نے چینی ہیلتھ ماڈل کی تعریف کی اور پنجاب کے ہیلتھ سسٹم کو ٹیکنالوجی بیسڈ بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ٹرانسپورٹ سسٹم کا مشاہدہ
دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے بیجنگ میونسپل کمیشن آف ٹرانسپورٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بیجنگ کے گرین اور اسمارٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کا جائزہ لیا۔ بیجنگ کے ٹرانسپورٹ سسٹم کو دیکھتے ہوئے انہوں نے پنجاب کے بڑے شہروں میں ماحول دوست اور مربوط پبلک ٹرانسپورٹ کے قیام کا ارادہ ظاہر کیا۔
لاہور میں مزید ترقیاتی منصوبے
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں میٹرو ٹرین نیٹ ورک کو مزید وسعت دی جائے گی اور ماحول دوست بس سروس شروع کی جائے گی۔ انہوں نے پاک چین تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹرو اور دیگر منصوبے دونوں ممالک کی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔مریم نواز کے اس دورے کو صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔