زیراعظم کی دفتر خارجہ کو شام سے پاکستانیوں کے فوری اور محفوظ انخلا کی ہدایت

زیراعظم کی دفتر خارجہ کو شام سے پاکستانیوں کے فوری اور محفوظ انخلا کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت شام میں موجود پاکستانیوں کے انخلاء کے حوالے سے ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

 اس اجلاس کا مقصد شام کی موجودہ مخدوش صورتحال کے پیش نظر پاکستانیوں کی فوری اور محفوظ واپسی کے انتظامات کرنا تھا۔وزیراعظم نے دفتر خارجہ کو ہدایت دی کہ وہ شام سے وطن واپس جانا چاہنے والے پاکستانیوں کے انخلا کے لیے لائحہ عمل تیار کریں، جس میں ہمسایہ ممالک کے راستے سے ان کا انخلا شامل ہو۔ اس میں پاکستان کے سفارت خانوں اور متعلقہ اداروں کو شامل کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ ان افراد کا جلد از جلد انخلا ممکن بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس عمل میں پاکستانیوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے دمشق میں پاکستانی سفارت خانہ کو معلوماتی ڈیسک قائم کرنے اور پاکستانیوں سے رابطے کے لیے ایک ہیلپ لائن شروع کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے ساتھ ساتھ، امن و امان کی صورتحال کے بہتر ہونے تک دفتر خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ کے ذریعے شام اور ہمسایہ ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں میں معلوماتی ڈیسک کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔ اس اجلاس میں پاکستانیوں کی محفوظ واپسی کے لیے فوری اقدامات پر تفصیل سے بات چیت کی گئی اور مختلف حکمت عملیوں پر غور کیا گیا تاکہ پاکستان میں مقیم افراد کا انخلا آسانی سے اور محفوظ طریقے سے ممکن ہو سکے۔